جنوں کو طاری نہ کرتا تو اور کیا کرتا
Umr Daraz Hashir (b. 1990)جنوں کو طاری نہ کرتا تو اور کیا کرتا
فقیر مستی نہ کرتا تو اور کیا کرتا
مرے علاوہ کوئی ہم سفر نہ تھا میرا
میں خود کلامی نہ کرتا تو اور کیا کرتا
میں آ گیا تھا محبت کی آخری حد تک
میں بے وفائی نہ کرتا تو اور کیا کرتا
سما گئی تھی مرے سر میں ریل کی چھک چھک
میں خود کشی ہی نہ کرتا تو اور کیا کرتا
وہ سیدھی بات ہمیشہ الٹ سمجھتا تھا
میں بات الٹی نہ کرتا تو اور کیا کرتا
میں سننا چاہتا تھا شور اپنے اندر کا
میں بند کھڑکی نہ کرتا تو اور کیا کرتا