یوں تو سب کچھ کہا کرے کوئی
Babu Ladli Lal Laeq (b. 1894)یوں تو سب کچھ کہا کرے کوئی
وہ نہ مانیں تو کیا کرے کوئی
جب وفا پر جفا کرے کوئی
الٹی دنیا کو کیا کرے کوئی
حال دیکھا مرا تو فرمایا
یوں نہ مجھ پر مرا کرے کوئی
درد رکتا نہیں کسی پہلو
ہائے ایسے میں کیا کرے کوئی
تھام کر دل کو آہ کرتا ہوں
پھر نہ مجھ سے گلہ کرے کوئی
ہیں مسیحا تو ہوں مجھے کیا کام
میری آ کر دوا کرے کوئی
وہ نہ آئے جو فاتحہ پڑھنے
اپنی تقدیر کیا کرے کوئی
مر گئے ہم اسی تمنا میں
دل کی باتیں سنا کرے کوئی