بیاض کہنہ میں جدت بھری تحریر رکھنی ہے
Nadeem Sirsiviبیاض کہنہ میں جدت بھری تحریر رکھنی ہے
پرانی نیام میں یعنی نئی شمشیر رکھنی ہے
فصیل فکر سے گرتا ہوا مصرع اٹھانا ہے
سرہانے اب مجھے ہر دم کتاب میرؔ رکھنی ہے
مجھے تا عمر رنج قید کو محسوس کرنا ہے
مجھے تا عمر اپنے پاس یہ زنجیر رکھنی ہے
سجاؤ خواب کوئی رات کی بے رنگ آنکھوں میں
اگر باقی دلوں میں خواہش تعبیر رکھنی ہے
خودی سے بے خودی کی جنگ ہے گویا مجھے اس پل
مقابل اپنے ہی اپنی کوئی تصویر رکھنی ہے
ہمیں اپنے لہو سے دشت اک گلزار کرنا ہے
ہمیں تا حشر زندہ عظمت تکبیر رکھنی ہے
اسے دنیا کے ہر غم سے مکمل پاک تو کر لو
اگر اس دل میں بنیاد غم شبیر رکھنی ہے