خود کو جب لگ گئی نظر اپنی

Ejaaz Talib

خود کو جب لگ گئی نظر اپنی

زندگی بن گئی کھنڈر اپنی

جب بھی سورج غروب ہوتا ہے

یاد آتی ہے دوپہر اپنی

اس کا قصہ بھی اب طویل نہیں

ہے کہانی بھی مختصر اپنی

ساتھ ہوتا ہے جب بھی غم اس کا

مجھ کو ہوتی نہیں خبر اپنی

کوئی مبہم سا نقش پا بھی نہیں

سونی سونی ہے رہ گزر اپنی

ہوں تو اپنوں کی بھیڑ میں طالبؔ

کوئی لیتا نہیں خبر اپنی