دل کو پتھر بنا کے دیکھوں گا

Haatif Aarifi Fatehpuri

دل کو پتھر بنا کے دیکھوں گا

میں بھی تجھ کو بھلا کے دیکھوں گا

راستے کا تو کر لوں اندازہ

سوئے منزل بھی جا کے دیکھوں گا

خود بجھا دوں گا دیپ میں جب بھی

طور بدلے ہوا کے دیکھوں گا

کس لئے لوگ ہیں فدا اس پر

اس کی محفل میں جا کے دیکھوں گا

میں خوشی کی طرف بھی بعض اوقات

غم سے نظریں چرا کے دیکھوں گا

چاہے کھو جائے نور آنکھوں کا

اس کو نظریں جما کے دیکھوں گا

با وفا ہی سہی مگر ہاتفؔ

میں اسے آزما کے دیکھوں گا