میری الفت کو بھی جفا سمجھے
Haatif Aarifi Fatehpuriمیری الفت کو بھی جفا سمجھے
میں نے کیا سمجھا آپ کیا سمجھے
اس نظر کو نظر کہوں کیسے
پتھروں کو جو آئنہ سمجھے
تھی فضاؤں میں وہ گھٹن کہ لوگ
باد صرصر کو بھی صبا سمجھے
بھول بیٹھا ہو جب خدا کو بھی
آدمی آدمی کو کیا سمجھے
بد گماں ہو گئے وہ جب مجھ سے
میری ہر بات کو گلہ سمجھے
چین لینے دیا نہ اک پل کو
اے غم دل تجھے خدا سمجھے
کوئی تو ہو جہاں میں اے ہاتفؔ
میرے دل کا جو ماجرا سمجھے