تیری چشم کرم رہے محفوظ

saabir jauharii (b. 1965)

تیری چشم کرم رہے محفوظ

آندھیوں میں بھی ہم رہے محفوظ

عظمت زندگی اسی سے ہے

لذت درد و غم رہے محفوظ

سیف و نیزہ سے کیا غرض ہم کو

بس ہمارا قلم رہے محفوظ

ضبط غم کا یہی تقاضا ہے

ان کا دست ستم رہے محفوظ

تیری یادوں کی شمع روشن ہے

رونق شام غم رہے محفوظ

آسماں نے بہت ستم ڈھائے

پھر بھی واللہ ہم رہے محفوظ

تا قیامت خدا کرے صابرؔ

شمع طاق حرم رہے محفوظ