رات ہے کالی گھٹا ہے اور میں
Rafeeq Anjumرات ہے کالی گھٹا ہے اور میں
پر خطر یہ راستہ ہے اور میں
پار اترنے کی کوئی صورت نہیں
کشتیٔ بے نا خدا ہے اور میں
کس ڈگر پر آ دبوچے کیا پتہ
پیچھے پیچھے حادثہ ہے اور میں
آندھیوں کا زور کم ہوتا نہیں
پھوس کا یہ جھونپڑا ہے اور میں
اپنے اندر کی دہکتی آگ سے
ہر کوئی شعلہ نوا ہے اور میں
عافیت کی کرتے رہیے گا دعا
جال سازش کا بچھا ہے اور میں
گردش ایام کا انجمؔ سنو
سلسلہ در سلسلہ ہے اور میں