تو ہی تو نہیں پگھل رہا ہے
Lateef Khan Mahfoozتو ہی تو نہیں پگھل رہا ہے
اپنا بھی لباس جل رہا ہے
میں چل بھی دیا ہوں تجھ سے مل کر
تو ہی کہ ابھی سنبھل رہا ہے
رونے کی تو کر رہا ہوں کوشش
موسم ہی نہیں بدل رہا ہے
دریا کے بدل رہے ہیں تیور
موجوں کا بھی رخ بدل رہا ہے
گھر اپنا ہے پھر یہ کیا ستم ہے
کہ حکم کسی کا چل رہا ہے
محفوظؔ دماغ آج اپنا
کچھ اور بھی تیز چل رہا ہے