پکار لیں گے اس کو اتنا آسرا تو چاہئے

Raees Faraz

پکار لیں گے اس کو اتنا آسرا تو چاہئے

دعا خلاف وضع ہے مگر خدا تو چاہئے

بجا کہ میں نے زندگی سے کھائے ہیں بہت فریب

مگر فریب کھانے کو بھی حوصلہ تو چاہئے

میں اپنے عکس کی تلاش کس کے چہرے میں کروں

مجھے بھی زیست نام کا اک آئنا تو چاہئے

نہ اس کے پاس وقت ہے نہ مجھ کو فرصت نظر

جنوں کے واسطے بھی کوئی سلسلہ تو چاہئے

چمن کو مجھ سے ضد سہی گلوں کی بات اور ہے

صبا کے ہاتھ اک پیام بھیجنا تو چاہئے

یہ کیا کہ سر جھکا کے خنجروں کو چومتے رہیں

ستم گروں کو کچھ نہیں تو ٹوکنا تو چاہئے