دریا کی دسترس میں روانی کے ساتھ ساتھ
Vikram (b. 1990)دریا کی دسترس میں روانی کے ساتھ ساتھ
اک پیاس جنم لیتی ہے پانی کے ساتھ ساتھ
ہم جیسے عشق زاد بنے مٹیوں سے جب
گوندھی گئی تھی آگ بھی پانی کے ساتھ ساتھ
صحرا نورد ہے پہ جنونی نہیں رہا
گم ہو گیا وہ شخص جوانی کے ساتھ ساتھ
تحریر کرنا ہے تو مرے ساتھ عشق لکھ
متروک لفظ لکھتے ہیں معنی کے ساتھ ساتھ
کیسی عجیب جنگ لڑے جا رہے ہیں ہم
خود بھی کھڑے ہیں دشمن جانی کے ساتھ ساتھ
کردار مرکزی ہوں میں اس ٹریجیڈی کا سو
ہونا ہے مجھ کو ختم کہانی کے ساتھ ساتھ