صحرا نوردیوں کے عوض گھر دیا گیا

Vikram (b. 1990)

صحرا نوردیوں کے عوض گھر دیا گیا

پیاسی ندی کو خارا سمندر دیا گیا

بس لمس بھر جہان دکھایا گیا ہمیں

دنیا کا ذائقہ بھی نگہ بھر دیا گیا

اس کو ذرا سا شک تھا محبت کا اور بس

اس اور سے یقین برابر دیا گیا

ہم کافروں نے اس کو خدا ہی بنا لیا

جو شخص تھا برائے پیامبر دیا گیا

جن کو ملی امید خدا والے ہو گئے

منکر ہوئے وہ جن کو فقط ڈر دیا گیا

ہم کو سزائے نقل مکانی تو دی مگر

دیوار و در کو رخت سفر کر دیا گیا