موج دریا کی طرح تم بھی ابلنا سیکھو
Ehsas Gayawiموج دریا کی طرح تم بھی ابلنا سیکھو
بات تو جب ہے کہ خود گر کے سنبھلنا سیکھو
کون مل جائے کہاں راہ کا پتھر بن کر
شرط یہ ہے کہ اسی راہ پہ چلنا سیکھو
کیوں ہو خاموش بھلا جھیل کے پانی کی طرح
مثل طوفان ذرا تم بھی مچلنا سیکھو
ہو تو سکتا ہے کہ ہر موڑ پہ ناکامی ہو
عزم و دانائی سے حالات بدلنا سیکھو
کسی تاریکی کا احساس نہ ہونے پائے
شمع کی طرح ہر اک گام پہ جلنا سیکھو