ابھی لطافت اردو زبان باقی ہے
Kaleem Jazil (b. 1992)ابھی لطافت اردو زبان باقی ہے
وہ بانکپن وہ کلام و بیان باقی ہے
محبتوں میں جو رہتی ہے فاصلے کی لکیر
ابھی وہ تیرے مرے درمیان باقی ہے
نکل کے دیکھ تو بازار زندگی میں ذرا
محبتوں کی ہزاروں دکان باقی ہے
تو دیکھ لے تو تری آنکھ بھی چھلک اٹھے
بدن پہ زخم کا سارا نشان باقی ہے
مجھے ہو خوف بھلا کیوں سیاہ راتوں کا
ترے خیال کا روشن جہان باقی ہے
کتاب عشق و محبت میں آج بھی جاذلؔ
وصال و ہجر کی اک داستان باقی ہے