دل میں ہو گر خواہش تصویر عبرت دیکھنا

Saadat Bandvi

دل میں ہو گر خواہش تصویر عبرت دیکھنا

خوش نصیبی بانٹنے والوں کی قسمت دیکھنا

دوستوں اور دشمنوں کے درمیاں رہ کر تو دیکھ

تجھ کو آ جائے گا فرق نور و ظلمت دیکھنا

کیا قیامت سے ڈریں ہم لوگ تو وہ ہیں جنہیں

پڑ رہا ہے روز ہی روز قیامت دیکھنا

مفلسی کے دن ہیں اور برسات کی آمد کا شور

مشغلا سا بن گیا ٹوٹی ہوئی چھت دیکھنا

ایسے موقعوں پر جب آئیں زندگی میں مشکلیں

جن کی جانب دیکھنا ہو بھول کر مت دیکھنا

اے سعادتؔ جو نصیحت کرتے ہو اوروں کو تم

اس نصیحت کو کبھی اپنی بھی بابت دیکھنا