دیار ہند تھا گہوارہ یاد ہے ہم دم
Firaq Gorakhpuri (1896–1982)دیار ہند تھا گہوارہ یاد ہے ہم دم
بہت زمانہ ہوا کس کے کس کے بچپن کا
اسی زمین پہ کھیلا ہے رامؔ کا بچپن
اسی زمین پہ ان ننھے ننھے ہاتھوں نے
کسی سمے میں دھنش بان کو سنبھالا تھا
اسی دیار نے دیکھی ہے کرشنؔ کی لیلا
یہیں گھروندوں میں سیتا سلوچنا رادھا
کسی زمانے میں گڑیوں سے کھیلتی ہوں گی
یہی زمیں یہی دریا پہاڑ جنگل باغ
یہی ہوائیں یہی صبح و شام سورج چاند
یہی گھٹائیں یہی برق و رعد و قوس قزح
یہیں کے گیت روایات موسموں کے جلوس
ہوا زمانہ کہ سدھارتھؔ کے تھے گہوارے
انہی نظاروں میں بچپن کٹا تھا وکرمؔ کا
سنا ہے بھرترہریؔ بھی انہیں سے کھیلا تھا
بھرتؔ اگستؔ کپلؔ ویاسؔ پاشیؔ کوٹیلہؔ
جنکؔ وششتؔ منوؔ والمیکؔ وشوامترؔ
کنادؔ گوتمؔ و رامانجؔ کمارلؔ بھٹ
موہن جوڈارو ہڑپا کے اور اجنتا کے
بنانے والے یہیں بلموں سے کھیلے تھے
اسی ہنڈولے میں بھوبھوتؔ و کالیداسؔ کبھی
ہمک ہمک کے جو تتلا کے گنگنائے تھے
سرسوتی نے زبانوں کو ان کی چوما تھا
یہیں کے چاند و سورج کھلونے تھے ان کے
انہیں فضاؤں میں بچپن پلا تھا خسروؔ کا
اسی زمیں سے اٹھے تان سینؔ اور اکبرؔ
رحیمؔ نانکؔ و چیتنیہؔ اور چشتیؔ نے
انہیں فضاؤں میں بچپن کے دن گزارے تھے
اسی زمیں پہ کبھی شاہزادۂ خرمؔ
ذرا سی دل شکنی پر جو رو دیا ہوگا
بھر آیا تھا دل نازک تو کیا عجب اس میں
ان آنسوؤں میں جھلک تاج کی بھی دیکھی ہو
اہلیا بائیؔ دمنؔ پدمنیؔ و رضیہؔ نے
یہیں کے پیڑوں کی شاخوں میں ڈالے تھے جھولے
اسی فضا میں بڑھائی تھی پینگ بچپن کی
انہی نظاروں میں ساون کے گیت گائے تھے
اسی زمین پہ گھٹنوں کے بل چلے ہوں گے
ملکؔ محمد و رسکھانؔ اور تلسیؔ داس
انہیں فضاؤں میں گونجی تھی توتلی بولی
کبیرؔ داس ٹکارامؔ سورؔ و میراؔ کی
اسی ہنڈولے میں ودیاپتیؔ کا کنٹھ کھلا
اسی زمین کے تھے لال میرؔ و غالبؔ بھی
ٹھمک ٹھمک کے چلے تھے گھروں کے آنگن میں
انیسؔ و حالیؔ و اقبالؔ اور وارثؔ شاہ
یہیں کی خاک سے ابھرے تھے پریم چندؔ و ٹیگورؔ
یہیں سے اٹھے تھے تہذیب ہند کے معمار
اسی زمین نے دیکھا تھا بال پن ان کا
یہیں دکھائی تھیں ان سب نے بال لیلائیں
یہیں ہر ایک کے بچپن نے تربیت پائی
یہیں ہر ایک کے جیون کا بال کانڈ کھلا
یہیں سے اٹھتے بگولوں کے ساتھ دوڑے ہیں
یہیں کی مست گھٹاؤں کے ساتھ جھومے ہیں
یہیں کی مدھ بھری برسات میں نہائے ہیں
لپٹ کے کیچڑ و پانی سے بچپنے ان کے
اسی زمین سے اٹھے وہ دیش کے ساونت
اڑا دیا تھا جنہیں کمپنی نے توپوں سے
اسی زمین سے اٹھی ہیں ان گنت نسلیں
پلے ہیں ہند ہنڈولے میں ان گنت بچے
مجھ ایسے کتنے ہی گمنام بچے کھیلے ہیں
اسی زمیں سے اسی میں سپرد خاک ہوئے
زمین ہند اب آرام گاہ ہے ان کی
اس ارض پاک سے اٹھیں بہت سی تہذیبیں
یہیں طلوع ہوئیں اور یہیں غروب ہوئیں
اسی زمین سے ابھرے کئی علوم و فنون
فراز کوہ ہمالہ یہ دور گنگ و جمن
اور ان کی گود میں پروردہ کاروانوں نے
یہیں رموز خرام سکوں نما سیکھے
نسیم صبح تمدن نے بھیرویں چھیڑی
یہیں وطن کے ترانوں کی وہ پویں پھوٹیں
وہ بے قرار سکوں زا ترنم سحری
وہ کپکپاتے ہوئے سوز و ساز کے شعلے
انہی فضاؤں میں انگڑائیاں جو لے کے اٹھے
لوؤں سے جن کے چراغاں ہوئی تھی بزم حیات
جنہوں نے ہند کی تہذیب کو زمانہ ہوا
بہت سے زاویوں سے آئینہ دکھایا تھا
اسی زمیں پہ ڈھلی ہے مری حیات کی شام
اسی زمین پہ وہ صبح مسکرائی ہے
تمام شعلہ و شبنم مری حیات کی صبح
سناؤں آج کہانی میں اپنے بچپن کی
دل و دماغ کی کلیاں ابھی نہ چٹکی تھیں
ہمیشہ کھیلتا رہتا تھا بھائی بہنوں میں
ہمارے ساتھ محلے کی لڑکیاں لڑکے
مچائے رکھتے تھے بالک ادھم ہر ایک گھڑی
لہو ترنگ اچھل پھاند کا یہ عالم تھا
محلہ سر پہ اٹھائے پھرے جدھر گزرے
ہمارے چہچہے اور شور گونجتے رہتے
چہار سمت محلے کے گوشے گوشے میں
فضا میں آج بھی لا ریب گونجتے ہوں گے
اگرچہ دوسرے بچوں کی طرح تھا میں بھی
بظاہر اوروں کے بچپن سا تھا مرا بچپن
یہ سب سہی مرے بچپن کی شخصیت بھی تھی ایک
وہ شخصیت کہ بہت شوخ جس کے تھے خد و خال
ادا ادا میں کوئی شان انفرادی تھی
غرض کچھ اور ہی لچھن تھے میرے بچپن کے
مجھے تھا چھوٹے بڑوں سے بہت شدید لگاؤ
ہر ایک پر میں چھڑکتا تھا اپنی ننھی سی جاں
دل امڈا آتا تھا ایسا کہ جی یہ چاہتا تھا
اٹھا کے رکھ لوں کلیجے میں اپنی دنیا کو
مجھے ہے یاد ابھی تک کہ کھیل کود میں بھی
کچھ ایسے وقفے پر اسرار آ ہی جاتے تھے
کہ جن میں سوچنے لگتا تھا کچھ مرا بچپن
کئی معانئ بے لفظ چھونے لگتے تھے
بطون غیب سے میرے شعور اصغر کو
ہر ایک منظر مانوس گھر کا ہر گوشہ
کسی طرح کی ہو گھر میں سجی ہوئی ہر چیز
مرے محلے کی گلیاں مکاں در و دیوار
چبوترے کنویں کچھ پیڑ جھاڑیاں بیلیں
وہ پھیری والے کئی ان کے بھانت بھانت کے بول
وہ جانے بوجھے مناظر وہ آسماں و زمیں
بدلتے وقت کا آئینہ گرمی و خنکی
غروب مہر میں رنگوں کا جاگتا جادو
شفق کے شیش محل میں گداز پنہاں سے
جواہروں کی چٹانیں سی کچھ پگھلتی ہوئیں
شجر حجر کی وہ کچھ سوچتی ہوئی دنیا
سہانی رات کی مانوس رمزیت کا فسوں
علی الصباح افق کی وہ تھرتھراتی بھویں
کسی کا جھانکنا آہستہ پھوٹتی پو سے
وہ دوپہر کا سمے درجۂ تپش کا چڑھاؤ
تھکی تھکی سی فضا میں وہ زندگی کا اتار
ہوا کی بنسیاں بنسواڑیوں میں بجتی ہوئیں
وہ دن کے بڑھتے ہوئے سائے سہ پہر کا سکوں
سکوت شام کا جب دونوں وقت ملتے ہیں
غرض جھلکتے ہوئے سرسری مناظر پر
مجھے گمان پرستانیت کا ہوتا تھا
ہر ایک چیز کی وہ خواب ناک اصلیت
مرے شعور کی چلمن سے جھانکتا تھا کوئی
لیے ربوبیت کائنات کا احساس
ہر ایک جلوے میں غیب و شہود کا وہ ملاپ
ہر اک نظارہ اک آئینہ خانۂ حیرت
ہر ایک منظر مانوس ایک حیرت زار
کہیں رہوں کہیں کھیلوں کہیں پڑھوں لکھوں
مرے شعور پہ منڈلاتے تھے مناظر دہر
میں اکثر ان کے تصور میں ڈوب جاتا تھا
وفور جذبہ سے ہو جاتی تھی مژہ پر نم
مجھے یقین ہے ان عنصری مناظر سے
کہ عام بچوں سے لیتا تھا میں زیادہ اثر
کسی سمے مری طفلی رہی نہ بے پروا
نہ چھو سکی مری طفلی کو غفلت طفلی
یہ کھیل کود کے لمحوں میں ہوتا تھا احساس
دعائیں دیتا ہو جیسے مجھے سکوت دوام
کہ جیسے ہاتھ ابد رکھ دے دوش طفلی پر
ہر ایک لمحہ کے رخنوں سے جھانکتی صدیاں
کہانیاں جو سنوں ان میں ڈوب جاتا تھا
کہ آدمی کے لیے آدمی کی جگ بیتی
سے بڑھ کے کون سی شے اور ہو ہی سکتی ہے
انہی فسانوں میں پنہاں تھے زندگی کے رموز
انہی فسانوں میں کھلتے تھے راز ہائے حیات
انہیں فسانوں میں ملتی تھیں زیست کی قدریں
رموز بیش بہا ٹھیٹھ آدمیت کے
کہانیاں تھیں کہ صد درس گاہ رقت قلب
ہر اک کہانی میں شائستگی غم کا سبق
وہ عنصر آنسوؤں کا داستان انساں میں
وہ نل دمن کی کتھا سر گزشت ساوتری
شکنتلاؔ کی کہانی بھرتؔ کی قربانی
وہ مرگ بھیشم پتامہ وہ سیج تیروں کی
وہ پانچوں پانڈوں کی سورگ یاترا کی کتھا
وطن سے رخصت سدھارتھؔ رامؔ کا بن باس
وفا کے بعد بھی سیتاؔ کی وہ جلا وطنی
وہ راتوں رات سری کرشنؔ کو اٹھائے ہوئے
بلا کی قید سے بسدیوؔ کا نکل جانا
وہ اندھ کار وہ بارش، بڑھی ہوئی جمنا
غم آفرین کہانی وہ ہیرؔ رانجھاؔ کی
شعور ہند کے بچپن کی یادگار عظیم
کہ ایسے ویسے تخیل کی سانس اکھڑ جائے
کئی محیر ادراک دیو مالائیں
ہت اوپدیش کے قصے کتھا سرت ساگر
کروڑوں سینوں میں وہ گونجتا ہوا آلھا
میں پوچھتا ہوں کسی اور ملک والوں سے
کہانیوں کی یہ دولت یہ بے بہا دولت
فسانے دیکھ لو ان کے نظر بھی آتی ہے
میں پوچھتا ہوں کہ گہوارے اور قوموں کے
بسے ہوئے ہیں کہیں ایسی داستانوں سے
کہانیاں جو میں سنتا تھا اپنے بچپن میں
مرے لیے وہ نہ تھیں محض باعث تفریح
فسانوں سے مرے بچپن نے سوچنا سیکھا
فسانوں سے مجھے سنجیدگی کے درس ملے
فسانوں میں نظر آتی تھی مجھ کو یہ دنیا
غم و خوشی میں رچی پیار میں بسائی ہوئی
فسانوں سے مرے دل نے گھلاوٹیں پائیں
یہی نہیں کہ مشاہیر ہی کے افسانے
ذرا سی عمر میں کرتے ہوں مجھ کو متأثر
محلے ٹولے کے گمنام آدمیوں کے
کچھ ایسے سننے میں آتے تھے واقعات حیات
جوں یوں تو ہوتے تھے فرسودہ اور معمولی
مگر تھے آئینے اخلاص اور شرافت کے
یہ چند آئی گئی باتیں ایسی باتیں تھیں
کہ جن کی اوٹ چمکتا تھا درد انسانی
یہ واردات نہیں رزمیے حیات کے تھے
غرض کہ یہ ہیں مرے بچپنے کی تصویریں
ندیم اور بھی کچھ خط و خال ہیں ان کے
یہ میری ماں کا ہے کہنا کہ جب میں بچہ تھا
میں ایسے آدمی کی گود میں نہ جاتا تھا
جو بد قمار ہو عیبی ہو یا ہو بد صورت
مجھے بھی یاد ہے نو دس برس ہی کا میں تھا
تو مجھ پہ کرتا تھا جادو سا حسن انسانی
کچھ ایسا ہوتا تھا محسوس جب میں دیکھتا تھا
شگفتہ رنگ تر و تازہ روپ والوں کا
کہ ان کی آنچ مری ہڈیاں گلا دے گی
اک آزمائش جاں تھی کہ تھا شعور جمال
اور اس کی نشتریت اس کی استخواں سوزی
غم و نشاط لگاوٹ محبت و نفرت
اک انتشار سکوں اضطراب پیار عتاب
وہ بے پناہ ذکی الحسی وہ حلم و غرور
کبھی کبھی وہ بھرے گھر میں حس تنہائی
وہ وحشتیں مری ماحول خوش گوار میں بھی
مری سرشت میں ضدین کے کئی جوڑے
شروع ہی سے تھے موجود آب و تاب کے ساتھ
مرے مزاج میں پنہاں تھی ایک جدلیت
رگوں میں چھوٹتے رہتے تھے بے شمار انار
ندیم یہ ہیں مرے بال پن کے کچھ آثار
وفور و شدت جذبات کا یہ عالم تھا
کہ کوندے جست کریں دل کے آبگینے میں
وہ بچپنا جسے برداشت اپنی مشکل ہو
وہ بچپنا جو خود اپنی ہی تیوریاں سی چڑھائے
ندیم ذکر جوانی سے کانپ جاتا ہوں
جوانی آئی دبے پاؤں اور یوں آئی
کہ اس کے آتے ہی بگڑا بنا بنایا کھیل
وہ خواہشات کے جذبات کے امڈتے ہوئے
وہ ہونکتے ہوئے بے نام آگ کے طوفاں
وہ پھوٹتا ہوا جوالا مکھی جوانی کا
رگوں میں اٹھتی ہوئی آندھیوں کے وہ جھٹکے
کہ جو توازن ہستی جھنجھوڑ کے رکھ دیں
وہ زلزلے کہ پہاڑوں کے پیر اکھڑ جائیں
بلوغیت کی وہ ٹیسیں وہ کرب نشو و نما
اور ایسے میں مجھے بیاہا گیا بھلا کس سے
جو ہو نہ سکتی تھی ہرگز مری شریک حیات
ہم ایک دوسرے کے واسطے بنے ہی نہ تھے
سیاہ ہو گئی دنیا مری نگاہوں میں
وہ جس کو کہتے ہیں شادیٔ خانہ آبادی
مرے لیے وہ بنی بیوگی جوانی کی
لٹا سہاگ مری زندگی کا مانڈو میں
ندیم کھا گئی مجھ کو نظر جوانی کی
بلائے جان مجھے ہو گیا شعور جمال
تلاش شعلۂ الفت سے یہ ہوا حاصل
کہ نفرتوں کا اگن کنڈ بن گئی ہستی
وہ حلق و سینہ و رگ رگ میں بے پناہ چبھا
ندیم جیسے نگل لی ہو میں نے ناگ پھنی
ز عشق زادم و عشقم کمشت زار و دریغ
خبر نہ برد بہ رستم کسے کہ سہرابم
نہ پوچھ عالم کام و دہن ندیم مرے
ثمر حیات کا جب راکھ بن گیا منہ میں
میں چلتی پھرتی چتا بن گیا جوانی کی
میں کاندھا دیتا رہا اپنے جیتے مردے کو
یہ سوچتا تھا کہ اب کیا کروں کہاں جاؤں
بہت سے اور مصائب بھی مجھ پہ ٹوٹ پڑے
میں ڈھونڈھنے لگا ہر سمت سچی جھوٹی پناہ
تلاش حسن میں شعر و ادب میں دوستی میں
رندھی صدا سے محبت کی بھیک مانگی ہے
نئے سرے سے سمجھنا پڑا ہے دنیا کو
بڑے جتن سے سنبھالا ہے خود کو میں نے ندیم
مجھے سنبھلنے میں تو چالیس سال گزرے ہیں
میری حیات تو وش پان کی کتھا ہے ندیم
میں زہر پی کے زمانے کو دے سکا امرت
نہ پوچھ میں نے جو زہرابۂ حیات پیا
مگر ہوں دل سے میں اس کے لیے سپاس گزار
لرزتے ہاتھوں سے دامن خلوص کا نہ چھٹا
بچا کے رکھی تھی میں نے امانت طفلی
اسے نہ چھین سکی مجھ سے دست برد شباب
بقول شاعر ملک فرنگ ہر بچہ
خود اپنے عہد جوانی کا باپ ہوتا ہے
یہ کم نہیں ہے کہ طفلیٔ رفتہ چھوڑ گئی
دل حزیں میں کئی چھوٹے چھوٹے نقش قدم
مری انا کی رگوں میں پڑے ہوئے ہیں ابھی
نہ جانے کتنے بہت نرم انگلیوں کے نشاں
ہنوز وقت کے بے درد ہاتھ کر نہ سکے
حیات رفتہ کی زندہ نشانیوں کو فنا
زمانہ چھین سکے گا نہ میری فطرت سے
مری صفا مرے تحت الشعور کی عصمت
تخیلات کی دوشیزگی کا رد عمل
جوان ہو کے بھی بے لوث طفل وش جذبات
سیانا ہونے پہ بھی یہ جبلتیں میری
یہ سر خوشی و غم بے ریا یہ قلب گداز
بغیر بیر کے ان بن غرض سے پاک تپاک
غرض سے پاک یہ آنسو غرض سے پاک ہنسی
یہ دشت دہر میں ہمدردیوں کا سرچشمہ
قبولیت کا یہ جذبہ یہ کائنات و حیات
اس ارض پاک پر ایمان یہ ہم آہنگی
ہر آدمی سے ہر اک خواب و زیست سے یہ لگاؤ
یہ ماں کی گود کا احساس سب مناظر میں
قریب و دور زمیں میں یہ بوئے وطینت
نظام شمس و قمر میں پیام حفظ حیات
بہ چشم شام و سحر مامتا کی شبنم سی
یہ ساز و دل میں مرے نغمۂ انالکونین
ہر اضطراب میں روح سکون بے پایاں
زمانۂ گزراں میں دوام کا سرگم
یہ بزم جشن حیات و ممات سجتی ہوئی
کسی کی یاد کی شہنائیاں سی بجتی ہوئی
یہ رمزیت کے عناصر شعور پختہ میں
فلک پہ وجد میں لاتی ہے جو فرشتوں کو
وہ شاعری بھی بلوغ مزاج طفلی ہے
یہ نشتریت ہستی یہ اس کی شعریت
یہ پتی پتی پہ گلزار زندگی کے کسی
لطیف نور کی پرچھائیاں سی پڑتی ہوئی
بہم یہ حیرت و مانوسیت کی سرگوشی
بشر کی ذات کہ مہر الوہیت بہ جبیں
ابد کے دل میں جڑیں مارتا ہوا سبزہ
غم جہاں مجھے آنکھیں دکھا نہیں سکتا
کہ آنکھیں دیکھے ہوئے ہوں میں نے اپنے بچپن کی
مرے لہو میں ابھی تک سنائی دیتی ہیں
سکوت حزن میں بھی گھنگھرؤں کی جھنکاریں
یہ اور بات کہ میں اس پہ کان دے نہ سکوں
اسی ودیعت طفلی کا اب سہارا ہے
یہی ہیں مرہم کافور دل کے زخموں پر
انہی کو رکھنا ہے محفوظ تا دم آخر
زمین ہند ہے گہوارہ آج بھی ہم دم
اگر حساب کریں دس کروڑ بچوں کا
یہ بچے ہند کی سب سے بڑی امانت ہیں
ہر ایک بچے میں ہیں صد جہان امکانات
مگر وطن کا حل و عقد جن کے ہاتھ میں ہے
نظام زندگئ ہند جن کے بس میں ہے
رویہ دیکھ کے ان کا یہ کہنا پڑتا ہے
کسے پڑی ہے کہ سمجھے وہ اس امانت کو
کسے پڑی ہے کہ بچوں کی زندگی کو بچائے
خراب ہونے سے ٹلنے سے سوکھ جانے سے
بچائے کون ان آزردہ ہونہاروں کو
وہ زندگی جسے یہ دے رہے ہیں بھارت کو
کروڑوں بچوں کے مٹنے کا اک المیہ ہے
چرائے جاتے ہیں بچے ابھی گھروں سے یہاں
کہ جسم توڑ دیے جائیں ان کے تاکہ ملے
چرانے والوں کو خیرات ماگھ میلے کی
جو اس عذاب سے بچ جائیں تو گلے پڑ جائیں
وہ لعنتیں کہ ہمارے کروڑوں بچوں کی
ندیم خیر سے مٹی خراب ہو جائے
وہ مفلسی کہ خوشی چھین لے وہ بے برگی
اداسیوں سے بھری زندگی کی بے رنگی
وہ یاسیات نہ جس کو چھوئے شعاع امید
وہ آنکھیں دیکھتی ہیں ہر طرف جو بے نوری
وہ ٹکٹکی کہ جو پتھرا کے رہ گئی ہو ندیم
وہ بے دلی کی ہنسی چھین لے جو ہونٹوں سے
وہ دکھ کہ جس سے ستاروں کی آنکھ بھر آئے
وہ گندگی وہ کثافت مرض زدہ پیکر
وہ بچے چھن گئے ہوں جن سے بچپنے ان کے
ہمیں نے گھونٹ دیا جس کے بچپنے کا گلا
جو کھاتے پیتے گھروں کے ہیں بچے ان کو بھی کیا
سماج پھولنے پھلنے کے دے سکا سادھن
وہ سانس لیتے ہیں تہذیب کش فضاؤں میں
ہم ان کو دیتے ہیں بے جان اور غلط تعلیم
ملے گا علم جہالت نما سے کیا ان کو
نکل کے مدرسوں اور یونیورسٹیوں سے
یہ بد نصیب نہ گھر کے نہ گھاٹ کے ہوں گے
میں پوچھتا ہوں یہ تعلیم ہے کہ مکاری
کروڑوں زندگیوں سے یہ بے پناہ دغا
نصاب ایسا کہ محنت کریں اگر اس پر
بجائے علم جہالت کا اکتساب کریں
یہ الٹا درس ادب یہ سڑی ہوئی تعلیم
دماغ کی ہو غذا یا غذائے جسمانی
ہر اک طرح کی غذا میں یہاں ملاوٹ ہے
وہ جس کو بچوں کی تعلیم کہہ کے دیتے ہیں
وہ درس الٹی چھری ہے گلے پہ بچپن کے
زمین ہند ہنڈولا نہیں ہے بچوں کا
کروڑوں بچوں کا یہ دیس اب جنازہ ہے
ہم انقلاب کے خطروں سے خوب واقف ہیں
کچھ اور روز یہی رہ گئے جو لیل و نہار
تو مول لینا پڑے گا ہمیں یہ خطرہ بھی
کہ بچے قوم کی سب سے بڑی امانت ہیں
dayar-e-hind tha gahwara yad hai ham dam
bahut zamana hua kis ke kis ke bachpan ka
isi zamin pe khela hai ram ka bachpan
isi zamin pe un nanhe nanhe hathon ne
kisi samay mein dhanash ban ko sambhala tha
isi dayar ne dekhi hai krishn ki lila
yahin gharaundon mein saita silochuna radha
kisi zamane mein guriyon se khelti hongi
yahi zamin yahi dariya pahar jangal bagh
yahi hawaen yahi subh-o-sham suraj chand
yahi ghataen yahi barq-o-raad-o-qaus-e-quzah
yahin ke git riwayat mausamon ke julus
hawa zamana ke sudharth ke the gahware
unhi nazaron mein bachpan kata tha wakram ka
suna hai bhartarhri bhi unhen se khela tha
bharat agast kapal wius pashi kotila
janak washshat mano walmek washwamtar
kinad gotam-o-ramanj kamarl bhat
mohan jodaro harpa ke aur ajnata ke
banane wale yahin balmon se khele the
isi handole mein bhubhut-o-kalidas kabhi
hamak hamak ke jo tutla ke gungunae the
siraswati ne zabanon ko un ki chuma tha
yahin ke chand-o-suraj khilaune the un ke
unhen fazaon mein bachpan pila tha khusrau ka
isi zamin se uthe tan sain aur akbar
rahim nanak-o-chetanye aur chishti ne
unhen fazaon mein bachpan ke din guzare the
isi zamin pe kabhi shahzada-e-khurram
zara si dil shikani par jo ro diya hoga
bhar aya tha dil-e-nazuk to kya ajab is mein
un ansuon mein jhalak taj ki bhi dekhi ho
aliya bai daman padmani-o-raziyya ne
yahin ke peron ki shakhon mein dale the jhule
isi faza mein barhai thi ping bachpan ki
unhi nazaron mein sawan ke git gae the
isi zamin pe ghutnon ke bal chale honge
mulk mohammad-o-raskhan aur tulsi das
unhen fazaon mein gunji thi totli boli
kabir das tikaram suwar-o-mera ki
isi handole mein widdiyapatti ka kanth khula
isi zamin ke the lal mir-o-ghalib bhi
thumak thumak ke chale the gharon ke angan mein
unnis-o-hali-o-iqbal aur waris shah
yahin ki khak se ubhre the prem chand-o-tigor
yahin se uthe the tahzib-e-hind ke memar
isi zamin ne dekha tha bal pan un ka
yahin dikhai thin un sab ne bal lilaen
yahin har ek ke bachpan ne tarbiyat pai
yahin har ek ke jiwan ka bal kand khula
yahin se uthte bagulon ke sath daure hain
yahin ki mast ghataon ke sath jhume hain
yahin ki madh bhari barsat mein nahae hain
lipat ke kichar-o-pani se bachpane un ke
isi zamin se uthe wo desh ke sawant
ura diya tha jinhen kampani ne topon se
isi zamin se uthi hain an ginat naslen
pale hain hind handole mein an ginat bachche
mujh aise kitne hi gumnam bachche khele hain
isi zamin se isi mein supurd-e-khak hue
zamin-e-hind ab aram gah hai un ki
is arz-e-pak se uthen bahut si tahziben
yahin tulu huin aur yahin ghurub huin
isi zamin se ubhre kai ulum-o-funun
faraz-e-koh-e-himala ye daur gang-o-jaman
aur un ki god mein parwarda karwanon ne
yahin rumuz-e-khiram-e-sukun numa sikhe
nasim-e-subh tamaddun ne bherwen chheri
yahin watan ke taranon ki wo pawen phuten
wo be qarar sukun za tarannum-e-sahari
wo kapkapate hue soz-o-saz ke shole
unhi fazaon mein angraiyan jo le ke uthe
loon se jin ke charaghan hui thi bazm-e-hayat
jinhon ne hind ki tahzib ko zamana hua
bahut se zawiyon se aina dikhaya tha
isi zamin pe dhali hai miri hayat ki sham
isi zamin pe wo subh muskurai hai
tamam shola-o-shabnam miri hayat ki subh
sunaun aj kahani main apne bachpan ki
dil-o-dimagh ki kaliyan abhi na chutki thin
hamesha khelta rahta tha bhai bahnon mein
hamare sath mohalle ki larkiyan larke
machae rakhte the balak adham har ek ghari
lahu tarang uchhal phand ka ye alam tha
mohalla sar pe uthae phire jidhar guzre
hamare chahchahe aur shor gunjte rahte
chahar samt mohalle ke goshe goshe mein
faza mein aj bhi la raib gunjte honge
agarche dusre bachchon ki tarah tha main bhi
bazahir auron ke bachpan sa tha mira bachpan
ye sab sahi mire bachpan ki shakhsiyat bhi thi ek
wo shakhsiyat ke bahut shokh jis ke the khad-o-khal
ada ada mein koi shan-e-infiradi thi
gharaz kuchh aur hi lachchhan the mere bachpan ke
mujhe tha chhote baron se bahut shadid lagao
har ek par main chhirakta tha apni nanhi si jan
dil umda ata tha aisa ke ji ye chahta tha
utha ke rakh lun kaleje main apni duniya ko
mujhe hai yad abhi tak ke khel kud mein bhi
kuchh aise waqfe pur asrar a hi jate the
ke jin mein sochne lagta tha kuchh mira bachpan
kai maani-e-be lafz chhune lagte the
butun ghaib se mere shuur-e-asghar ko
har ek manzar manus ghar ka har gosha
kisi tarah ki ho ghar mein saji hui har chiz
mire mohalle ki galiyan makan dar-o-diwar
chabutre kuen kuchh per jhariyan belen
wo pheri wale kai un ke bhant bhant ke bol
wo jane bujhe manazir wo asman-o-zamin
badalte waqt ka aina garmi-o-khunuki
ghurub-e-mehr mein rangon ka jagta jadu
shafaq ke shish mahal mein gudaz pinhan se
jawahiron ki chatanen si kuchh pighalti huin
shajar hajar ki wo kuchh sochti hui duniya
suhani rat ki manus ramzet ka fusun
ali alssabah ufuq ki wo thartharati bhuwen
kisi ka jhankna ahista phutti pau se
wo dopahar ka samay darja-e-tapish ka charhao
thaki thaki si faza mein wo zindagi ka utar
hawa ki bansiyan banswariyon mein bajti huin
wo din ke barhte hue sae sah pahar ka sakun
sukut-e-sham ka jab donon waqt milte hain
gharaz jhalakte hue sarsari manazir par
mujhe guman parastinniyyat ka hota tha
har ek chiz ki wo khwab nak aslet
mire shuur ki chilman se jhankta tha koi
liye rabubiyyat kainat ka ehsas
har ek jalwe mein ghaib-o-shuhud ka wo milap
har ik nazara ik aina khana-e-hairat
har ek manzar manus ek hairat zar
kahin rahun kahin khelun kahin parhun likhun
mire shuur pe mandlate the manazir dahr
main aksar un ke tasawwur mein dub jata tha
wafur-e-jazba se ho jati thi mizha pur nam
mujhe yaqin hai un unsari manazir se
ke am bachchon se leta tha main ziyada asar
kisi samay miri tifli rahi na be parwa
na chhu saki miri tifli ko ghaflat-e-tifli
ye khel kud ke lamhon mein hota tha ehsas
duaen deta ho jaise mujhe sukut-e-dawam
ke jaise hath abad rakh de dosh tifli par
har ek lamha ke rakhnon se jhankti sadiyan
kahaniyan jo sunun un mein dub jata tha
ke admi ke liye admi ki jag biti
se barh ke kaun si shai aur ho hi sakti hai
unhi fasanon mein pinhan the zindagi ke rumuz
unhi fasanon mein khulte the raz ha-e-hayat
unhen fasanon mein milti thin zist ki qadren
rumuz-e-besh baha thitha admiyyat ke
kahaniyan thin ke sad dars gah riqqat-e-qalb
har ik kahani mein shaistagi-e-gham ka sabaq
wo unsar ansuon ka dastan-e-insan mein
wo nal daman ki kattha sar guzasht sawatari
shikantala ki kahani bharat ki qurbani
wo marg bhisham patumma wo sej tiron ki
wo panchon pandon ki swarg yatra ki kattha
watan se rukhsat sudharth ram ka ban bas
wafa ke baad bhi saita ki wo jala watani
wo raton rat siri krishn ko uthae hue
bala ki qaid se basdew ka nikal jana
wo andha kar wo barish, barhi hui jamuna
gham afrin kahani wo hir ranjha ki
shuur-e-hind ke bachpan ki yadgar-e-azim
ke aise waise takhayyul ki sans ukhar jae
kai muhayyir idrak dew-e-malaen
hat opdesh ke qisse kattha sarat sagar
karoron sinon mein wo gunjta hua alha
main puchhta hun kisi aur mulk walon se
kahaniyon ki ye daulat ye be baha daulat
fasane dekh lo un ke nazar bhi ati hai
main puchhta hun ke gahware aur qaumon ke
base hue hain kahin aisi dastanon se
kahaniyan jo main sunta tha apne bachpan mein
mire liye wo na thin mahz bais-e-tafrih
fasanon se mire bachpan ne sochna sikha
fasanon se mujhe sanjidagi ke dars mile
fasanon mein nazar ati thi mujh ko ye duniya
gham-o-khushi mein rachi pyar mein basai hui
fasanon se mire dil ne ghulawaten paen
yahi nahin ke mashahir hi ke afsane
zara si umr mein karte hun mujh ko matasar
mohalle tole ke gumnam admiyon ke
kuchh aise sunne mein ate the waqiat-e-hayat
jun yun to hote the farsuda aur maamuli
magar the aine ikhlas aur sharafat ke
ye chand ai gai baten aisi baten thin
ke jin ki ot chamakta tha dard-e-insani
ye wardat nahin razmye hayat ke the
gharaz ke ye hain mire bachpane ki taswiren
nadim aur bhi kuchh khat-o-khal hain un ke
ye meri man ka hai kahna ke jab main bachcha tha
main aise admi ki god mein na jata tha
jo bad qimar ho aibi ho ya ho bad surat
mujhe bhi yad hai nau das baras hi ka main tha
tu mujh pe karta tha jadu sa husn-e-insani
kuchh aisa hota tha mahsus jab main dekhta tha
shagufta rang tar-o-taza rup walon ka
ke un ki anch miri haddiyan gila degi
ik azmaish jan thi ke tha shuur-e-jamal
aur us ki nashtaret us ki ustukhwan sozi
gham-o-nishat lagawat mohabbat-o-nafrat
ik intishar sukun iztirab pyar itab
wo be panah zaki alhissi wo halam-o-ghurur
kabhi kabhi wo bhare ghar mein his-e-tanhai
wo wahshaten miri mahaul khush gawar mein bhi
miri sarisht mein ziddain ke kai jore
shuru hi se the maujud ab-o-tab ke sath
mire mizaj mein pinhan thi ek jadaliyyat
ragon mein chhutte rahte the be shumar anar
nadim ye hain mire bal pan ke kuchh asar
wafur-o-shiddat-e-jazbat ka ye alam tha
ke kaunde jast karen dil ke abgine mein
wo bachpana jise bardasht apni mushkil ho
wo bachpana jo khud apni hi tewriyan si charhae
nadim zikr jawani se kanp jata hun
jawani ai dabe paon aur yun ai
ke us ke ate hi bigra bana banaya khel
wo khwahishat ke jazbat ke umadte hue
wo honukte hue be nam ag ke tufan
wo phutta hua jwala makkhi jawani ka
ragon mein uthti hui andhiyon ke wo jhatke
ke jo tawazun hasti jhinjhor ke rakh den
wo zalzale ke paharon ke pir ukhar jaen
baloghet ki wo tisen wo karb-e-nashw-o-numa
aur aise mein mujhe biyaha gaya bhala kis se
jo ho na sakti thi hargiz miri sharik-e-hayat
ham ek dusre ke waste bane hi na the
siyah ho gai duniya miri nigahon mein
wo jis ko kahte hain shadi-e-khana abadi
mire liye wo bani biyogi jawani ki
luta suhag miri zindagi ka mando mein
nadim kha gai mujh ko nazar jawani ki
bala-e-jan mujhe ho gaya shuur-e-jamal
talash-e-shola-e-ulfat se ye hua hasil
ke nafraton ka agan kund ban gai hasti
wo halq-o-sina-o-rag rag mein be panah chubha
nadim jaise nigal li ho main ne nag phanni
ze ishq zadam-o-ashqum kamshat zar-o-daregh
khabar na bard ba rustam kise ke sehrabam
na puchh alam kam-o-dahan nadim mire
samar hayat ka jab rakh ban gaya munh mein
main chalti phirti chita ban gaya jawani ki
main kandha deta raha apne jite murde ko
ye sochta tha ke ab kya karun kahan jaun
bahut se aur masaib bhi mujh pe tut pare
main dhundhne laga har samt sachchi jhuti panah
talash-e-husn mein sher-o-adab mein dosti mein
randhi sada se mohabbat ki bhik mangi hai
nae sire se samajhna para hai duniya ko
bare jatan se sambhala hai khud ko main ne nadim
mujhe sambhalne mein to chalis sal guzre hain
meri hayat to wash pan ki kattha hai nadim
main zahr pi ke zamane ko de saka amrit
na puchh main ne jo zahraba-e-hayat piya
magar hun dil se main us ke liye sipas guzar
larazte hathon se daman khulus ka na chhuta
bacha ke rakhi thi main ne amanat-e-tifli
use na chhin saki mujh se dast-e-bard shabab
baqaul-e-shayar mulk-e-farang har bachcha
khud apne ahd-e-jawani ka bap hota hai
ye kam nahin hai ke tifli-e-rafta chhor gai
dil-e-hazin mein kai chhote chhote naqsh-e-qadam
miri ana ki ragon mein pare hue hain abhi
na jane kitne bahut narm ungliyon ke nishan
hanoz waqt ke be dard hath kar na sake
hayat rafta ki zinda nishaniyon ko fana
zamana chhin sakega na meri fitrat se
miri safa mire taht alshuur ki ismat
takhayyulat ki doshizagi ka rad-e-amal
jawan ho ke bhi be los tifl wash jazbat
siyana hone pe bhi ye jibillaten meri
ye sar khushi-o-gham-e-be riya ye qalb gudaz
baghair bair ke an ban gharaz se pak tapak
gharaz se pak ye ansu gharaz se pak hansi
ye dasht-e-dahr mein hamdardiyon ka sarchashma
qubuliyat ka ye jazba ye kainat-o-hayat
is arz-e-pak par iman ye ham ahangi
har admi se har ik khwab-o-zist se ye lagao
ye man ki god ka ehsas sab manazir mein
qarib-o-dur zamin mein ye bu-e-watent
nizam-e-shams-o-qamar mein payam hifz-e-hayat
ba chashm-e-sham-o-sahar mamta ki shabnam si
ye saz-o-dil mein mire naghma-e-analkonen
har iztirab mein ruh-e-sukun-e-be payan
zamana-e-guzran mein dawam ka sargam
ye bazm-e-jashn-e-hayat-o-mamat sajti hui
kisi ki yad ki shahnaiyan si bajti hui
ye ramzet ke anasir shuur-e-pukhta mein
falak pe wajd mein lati hai jo farishton ko
wo shayari bhi bulugh-e-mizaj-e-tifli hai
ye nashtaret-e-hasti ye us ki sheriyyat
ye patti patti pe gulzar zindagi ke kisi
latif nur ki parchhaiyan si parti hui
baham ye hairat-o-manusiyyat ki sargoshi
bashar ki zat ke mehr-e-uluhiyat ba jabin
abad ke dil mein juren marta hua sabza
gham jahan mujhe ankhen dikha nahin sakta
ke ankhen dekhe hue hun main ne apne bachpan ki
mire lahu mein abhi tak sunai deti hain
sukut-e-huzn mein bhi ghangharon ki jhankaren
ye aur bat ke main us pe kan de na sakun
isi wadiat tifli ka ab sahara hai
yahi hain marham-e-kafur dil ke zakhmon par
unhi ko rakhna hai mahfuz ta dam-e-akhir
zamin-e-hind hai gahwara aj bhi ham dam
agar hisab karen das karor bachchon ka
ye bachche hind ki sab se bari amanat hain
har ek bachche mein hain sad jahan-e-imkanat
magar watan ka hal-o-aqd jin ke hath mein hai
nizam-e-zindagi-e-hind jin ke bas mein hai
rawayya dekh ke un ka ye kahna parta hai
kise pari hai ke samjhe wo is amanat ko
kise pari hai ke bachchon ki zindagi ko bachae
kharab hone se talne se sukh jane se
bachae kaun un azurda honaharon ko
wo zindagi jise ye de rahe hain bharat ko
karoron bachchon ke mitne ka ik alamiyya hai
churae jate hain bachche abhi gharon se yahan
ke jism tor diye jaen un ke take mile
churane walon ko khairat magh mele ki
jo is azab se bach jaen to gale par jaen
wo laanaten ke hamare karoron bachchon ki
nadim khair se mitti kharab ho jae
wo muflisi ke khushi chhin le wo be bargi
udasiyon se bhari zindagi ki be rangi
wo yasyat na jis ko chhue shua-e-ummid
wo ankhen dekhti hain har taraf jo be nuri
wo tiktiki ke jo pathra ke rah gai ho nadim
wo be dili ki hansi chhin le jo honton se
wo dukh ke jis se sitaron ki ankh bhar ae
wo gandagi wo kasafat maraz zada paikar
wo bachche chhin gae hun jin se bachpane un ke
hamen ne ghunt diya jis ke bachpane ka gila
jo khate pite gharon ke hain bachche un ko bhi kya
samaj phulne phalne ke de saka sadhun
wo sans lete hain tahzib kash fazaon mein
ham un ko dete hain be jan aur ghalat taalim
milega ilm jahalat numa se kya un ko
nikal ke madrason aur yuniwarsitiyon se
ye bad nasib na ghar ke na ghat ke honge
main puchhta hun ye taalim hai ke makkari
karoron zindagiyon se ye be panah dagha
nisab aisa ke mehnat karen agar us par
bajae ilm jahalat ka iktisab karen
ye ulta dars-e-adab ye sari hui taalim
dimagh ki ho ghiza ya ghiza-e-jismani
har ik tarah ki ghiza mein yahan milawat hai
wo jis ko bachchon ki taalim kah ke dete hain
wo dars ulti chhuri hai gale pe bachpan ke
zamin-e-hind handola nahin hai bachchon ka
karoron bachchon ka ye des ab janaza hai
ham inqilab ke khatron se khub waqif hain
kuchh aur roz yahi rah gae jo lail-o-nahar
tu mol lena parega hamen ye khatra bhi
ke bachche qaum ki sab se bari amanat hain