یہ مست مست گھٹا، یہ بھری بھری برسات
Firaq Gorakhpuri (1896–1982)یہ مست مست گھٹا، یہ بھری بھری برسات
تمام حد نظر تک گھلاوٹوں کا سماں
فضائے شام میں ڈورے سے پڑتے جاتے ہیں
جدھر نگاہ کریں کچھ دھواں سا اٹھتا ہے
دہک اٹھا ہے طراوت کی آنچ سے آکاش
ز فرش تا فلک انگڑائیوں کا عالم ہے
یہ مد بھری ہوئی پروائیاں سنکتی ہوئی
جھنجھوڑتی ہے ہری ڈالیوں کو سرد ہوا
یہ شاخسار کے جھولوں میں پینگ پڑتے ہوئے
یہ لاکھوں پتیوں کا ناچنا یہ رقص نبات
یہ بے خودئ مسرت یہ والہانہ رقص
یہ تال سم یہ چھما چھم کہ کان بجتے ہیں
ہوا کے دوش پہ کچھ اودی اودی شکلوں کی
نشے میں چور سی پرچھائیاں تھرکتی ہوئی
افق پہ ڈوبتے دن کی جھپکتی ہیں آنکھیں
خموش سوز دروں سے سلگ رہی ہے یہ شام!
مرے مکان کے آگے ہے ایک چوڑا صحن وسیع
کبھی وہ ہنستا نظر آتا ہے کبھی وہ اداس
اسی کے بیچ میں ہے ایک پیڑ پیپل کا
سنا ہے میں نے بزرگوں سے یہ کہ عمر اس کی
جو کچھ نہ ہوگی تو ہوگی قریب چھیانوے سال
چھڑی تھی ہند میں جب پہلی جنگ آزادی
جسے دبانے کے بعد اس کو غدر کہنے لگے
یہ اہل ہند بھی ہوتے ہیں کس قدر معصوم
وہ دار و گیر وہ آزادیٔ وطن کی جنگ
وطن سے تھی کہ غنیم وطن سے غداری
بپھر گئے تھے ہمارے وطن کے پیر و جواں
دیار ہند میں رن پڑ گیا تھا چار طرف
اسی زمانے میں کہتے ہیں میرے دادا نے
جب ارض ہند سنچی خون سے ''سپوتوں'' کے
میان صحن لگایا تھا لا کے اک پودا
جو آب و آتش و خاک و ہوا سے پلتا ہوا
خود اپنے قد سے بہ جوش نمو نکلتا ہوا
فسون روح بناتی رگوں میں چلتا ہوا
نگاہ شوق کے سانچوں میں روز ڈھلتا ہوا
سنا ہے راویوں سے دیدنی تھی اس کی اٹھان
ہر اک کے دیکھتے ہی دیکھتے چڑھا پروان
وہی ہے آج یہ چھتنار پیڑ پیپل کا
وہ ٹہنیوں کے کمنڈل لئے جٹادھاری
زمانہ دیکھے ہوئے ہے یہ پیڑ بچپن سے
رہی ہے اس کے لئے داخلی کشش مجھ میں
رہا ہوں دیکھتا چپ چاپ دیر تک اس کو
میں کھو گیا ہوں کئی بار اس نظارے میں
وہ اس کی گہری جڑیں تھیں کہ زندگی کی جڑیں؟
پس سکون شجر کوئی دل دھڑکتا تھا
میں دیکھتا تھا اسے ہستیٔ بشر کی طرح
کبھی اداس کبھی شادماں کبھی گمبھیر
فضا کا سرمئی رنگ اور ہو چلا گہرا
گھلا گھلا سا فلک ہے دھواں دھواں سی ہے شام
ہے جھٹپٹا کہ کوئی اژدہا ہے مائل خواب
سکوت شام میں درماندگی کا عالم ہے
رکی رکی سی کسی سوچ میں ہے موج صبا
رکی رکی سی صفیں ملگجی گھٹاؤں کی
اتار پر ہے سر صحن رقص پیپل کا
وہ کچھ نہیں ہے اب اک جنبش خفی کے سوا
خود اپنی کیفیت نیلگوں میں ہر لحظہ
یہ شام ڈوبتی جاتی ہے چھپتی جاتی ہے
حجاب وقت سرے سے ہے بے حس و حرکت
رکی رکی دل فطرت کی دھڑکنیں یک لخت
یہ رنگ شام کہ گردش ہی آسماں میں نہیں
بس ایک وقفۂ تاریک، لمحۂ شہلا
سما میں جنبش مبہم سی کچھ ہوئی فوراً
تلی گھٹا کے تلے بھیگے بھیگے پتوں سے
ہری ہری کئی چنگاریاں سی پھوٹ پڑیں
کہ جیسے کھلتی جھپکتی ہوں بے شمار آنکھیں
عجب یہ آنکھ مچولی تھی نور و ظلمت کی
سہانی نرم لویں دیتے ان گنت جگنو
گھنی سیاہ خنک پتیوں کے جھرمٹ سے
مثال چادر شب تاب جگمگانے لگے
کہ تھرتھراتے ہوئے آنسوؤں سے ساغر شام
چھلک چھلک پڑے جیسے بغیر سان گمان
بطون شام میں ان زندہ قمقموں کی دمک
کسی کی سوئی ہوئی یاد کو جگاتی تھی
وہ بے پناہ گھٹا وہ بھری بھری برسات
وہ سین دیکھ کے آنکھیں مری بھر آتی تھیں
مری حیات نے دیکھی ہیں بیس برساتیں
مرے جنم ہی کے دن مر گئی تھی ماں میری
وہ ماں کہ شکل بھی جس ماں کی میں نہ دیکھ سکا
جو آنکھ بھر کے مجھے دیکھ بھی سکی نہ وہ ماں
میں وہ پسر ہوں جو سمجھا نہیں کہ ماں کیا ہے
مجھے کھلائیوں اور دائیوں نے پالا تھا
وہ مجھ سے کہتی تھیں جب گھر کے آتی تھی برسات
جب آسمان میں ہر سو گھٹائیں چھاتی تھیں
بوقت شام جب اڑتے تھے ہر طرف جگنو
دیئے دکھاتے ہیں یہ بھولی بھٹکی روحوں کو
مزہ بھی آتا تھا مجھ کو کچھ ان کی باتوں میں
میں ان کی باتوں میں رہ رہ کے کھو بھی جاتا تھا
پر اس کے ساتھ ہی دل میں کسک سی ہوتی تھی
کبھی کبھی یہ کسک ہوک بن کے اٹھتی تھی
یتیم دل کو مرے یہ خیال ہوتا تھا!
یہ شام مجھ کو بنا دیتی کاش اک جگنو
تو ماں کی بھٹکی ہوئی روح کو دکھاتا راہ
کہاں کہاں وہ بچاری بھٹک رہی ہوگی
کہاں کہاں مری خاطر بھٹک رہی ہوگی
یہ سوچ کر مری حالت عجیب ہو جاتی
پلک کی اوٹ میں جگنو چمکنے لگتے تھے
کبھی کبھی تو مری ہچکیاں سی بندھ جاتیں
کہ ماں کے پاس کسی طرح میں پہنچ جاؤں
اور اس کو راہ دکھاتا ہوا میں گھر لاؤں
دکھاؤں اپنے کھلونے دکھاؤں اپنی کتاب
کہوں کہ پڑھ کے سنا تو مری کتاب مجھے
پھر اس کے بعد دکھاؤں اسے میں وہ کاپی
کہ ٹیڑھی میڑھی لکیریں بنی تھیں کچھ جس میں
یہ حرف تھے جنہیں میں نے لکھا تھا پہلے پہل
اور اس کو راہ دکھاتا ہوا میں گھر لاؤں
دکھاؤں پھر اسے آنگن میں وہ گلاب کی بیل
سنا ہے جس کو اسی نے کبھی لگایا تھا
یہ جب کہ بات ہے جب میری عمر ہی کیا تھی
نظر سے گزری تھیں کل چار پانچ برساتیں
گزر رہے تھے مہ و سال اور موسم پر
ہمارے شہر میں آتی تھی گھر کے جب برسات
جب آسمان میں اڑتے تھے ہر طرف جگنو
ہوا کی موج رواں پر دیئے جلائے ہوئے
فضا میں رات گئے جب درخت پیپل کا!
ہزاروں جگنوؤں سے کوہ طور بنتا تھا
ہزاروں وادیٔ ایمن تھیں جس کی شاخوں میں
یہ دیکھ کر مرے دل میں یہ ہوک اٹھتی تھی
کہ میں بھی ہوتا انہیں جگنوؤں میں اک جگنو
تو ماں کی بھٹکی ہوئی روح کو دکھاتا راہ
وہ ماں میں جس کی محبت کے پھول چن نہ سکا
وہ ماں میں جس سے محبت کے بول سن نہ سکا
وہ ماں کہ بھینچ کے جس کو کبھی میں سو نہ سکا
میں جس کے آنچلوں میں منہ چھپا کے رو نہ سکا
وہ ماں کہ گھٹنوں سے جس کے کبھی لپٹ نہ سکا
وہ ماں کہ سینے سے جس کے کبھی چمٹ نہ سکا
ہمک کے گود میں جس کی کبھی میں چڑھ نہ سکا
میں زیر سایۂ امید جس کے بڑھ نہ سکا
وہ ماں میں جس سے شرارت کی داد پا نہ سکا
میں جس کے ہاتھوں محبت کی مار کھا نہ سکا
سنوارا جس نے نہ میرے جھنڈولے بالوں کو
بسا سکی نہ جو ہونٹوں سے سونے گالوں کو
جو میری آنکھوں میں آنکھیں کبھی نہ ڈال سکی
نہ اپنے ہاتھوں سے مجھ کو کبھی اچھال سکی
وہ ماں جو کوئی کہانی مجھے سنا نہ سکی
مجھے سلانے کو جو لوریاں بھی گا نہ سکی
وہ ماں جو دودھ بھی اپنا مجھے پلا نہ سکی
وہ ماں جو ہاتھ سے اپنے مجھے کھلا نہ سکی
وہ ماں گلے سے مجھے جو کبھی لگا نہ سکی
وہ ماں جو دیکھتے ہی مجھ کو مسکرا نہ سکی
کبھی جو مجھ سے مٹھائی چھپا کے رکھ نہ سکی
کبھی جو مجھ سے دہی بھی بچا کے رکھ نہ سکی
میں جس کے ہاتھ میں کچھ دیکھ کر ڈہک نہ سکا
پٹک پٹک کے کبھی پاؤں میں ٹھنک نہ سکا
کبھی نہ کھینچا شرارت سے جس کا آنچل بھی
رچا سکی مری آنکھوں میں جو نہ کاجل بھی
وہ ماں جو میرے لئے تتلیاں پکڑ نہ سکی
جو بھاگتے ہوئے بازو مرے جکڑ نہ سکی
بڑھایا پیار کبھی کر کے پیار میں نہ کمی
جو منہ بنا کے کسی دن نہ مجھ سے روٹھ سکی
جو یہ بھی کہہ نہ سکی جا نہ بولوں گی تجھ سے
جو ایک بار خفا بھی نہ ہو سکی مجھ سے
وہ جس کو جوٹھا لگا منہ کبھی دکھا نہ سکا
کثافتوں پہ مری جس کو پیار آ نہ سکا
جو مٹی کھانے پہ مجھ کو کبھی نہ پیٹ سکی
نہ ہاتھ تھام کے مجھ کو کبھی گھسیٹ سکی
وہ ماں جو گفتگو کی رو میں سن کے میری بڑ
کبھی جو پیار سے مجھ کو نہ کہہ سکی گھامڑ
شرارتوں سے مری جو کبھی الجھ نہ سکی
حماقتوں کا مری فلسفہ سمجھ نہ سکی
وہ ماں کبھی جسے چونکانے کو میں لک نہ سکا
میں راہ چھینکنے کو جس کے آگے رک نہ سکا
جو اپنے ہاتھ سے بہروپ میرے بھر نہ سکی
جو اپنی آنکھوں کو آئینہ میرا کر نہ سکی
گلے میں ڈالی نہ باہوں کی پھول مالا بھی
نہ دل میں لوح جبیں سے کیا اجالا بھی
وہ ماں کبھی جو مجھے بدھیاں پہنا نہ سکی
کبھی مجھے نئے کپڑوں سے جو سجا نہ سکی
وہ ماں نہ جس سے لڑکپن کے جھوٹ بول سکا
نہ جس کے دل کے دراں کنجیوں سے کھول سکا
وہ ماں میں پیسے بھی جس کے کبھی چرا نہ سکا
سزا سے بچنے کو جھوٹی قسم بھی کھا نہ سکا
وہ ماں کہ آیت رحمت ہے جس کی چین جبیں
وہ ماں کہ ہاں سے بھی ہوتی ہے بڑھ کے جس کی نہیں
دم عتاب جو بنتی فرشتہ رحمت کا
جو راگ چھیڑتی جھنجھلا کے بھی محبت کا
وہ ماں کہ گھڑکیاں بھی جس کے گیت بن جائیں
وہ ماں کہ جھڑکیاں بھی جس کی پھول برسائیں
وہ ماں ہم اس سے جو دم بھر کو دشمنی کر لیں
تو یہ نہ کہہ سکے اب آؤ دوستی کر لیں
کبھی جو سن نہ سکی میری توتلی باتیں
جو دے سکی نہ کبھی تھپڑوں کی سوغاتیں
وہ ماں بہت سے کھلونے جو مجھ کو دے نہ سکی
خراج سر خوشئ سرمدی جو لے نہ سکی
وہ ماں میں جس سے لڑائی کبھی نہ ٹھان سکا
وہ ماں میں جس پہ کبھی مٹھیاں نہ تان سکا
وہ میری ماں میں کبھی جس کی پیٹھ پر نہ چڑھا
وہ میری ماں کبھی کچھ جس کے کان میں نہ رکھا
وہ ماں کبھی جو مجھے کردھنی پنہا نہ سکی
جو تال ہاتھ سے دے کر مجھے نچا نہ سکی
جو میرے ہاتھ سے اک دن دوا بھی پی نہ سکی
کہ مجھ کو زندگی دینے میں جان ہی دے دی
وہ ماں نہ دیکھ سکا زندگی میں جس کی چاہ
اسی کی بھٹکتی ہوئی روح کو دکھاتا راہ
یہ سوچ سوچ کے آنکھیں مری بھر آتی تھیں
تو جا کے سونے بچھونے پہ لیٹ رہتا تھا
کسی سے گھر میں نہ راز اپنے دل کے کہتا تھا
یتیم تھی مری دنیا، یتیم میری حیات
یتیم شام و سحر تھی، یتیم تھے شب و روز
یتیم میری پڑھائی تھی میرے کھیل یتیم
یتیم میری مسرت تھی میرا غم بھی یتیم
یتیم آنسوؤں سے تکیہ بھیگ جاتا تھا
کسی سے گھر میں نہ کہتا تھا اپنے دل کا بھید
ہر اک سے دور اکیلا اداس رہتا تھا
کسی شمائل نادیدہ کو میں تکتا تھا
میں ایک وحشت بے نام سے ہڑکتا تھا
گزر رہے تھے مہ و سال اور موسم پر
اسی طرح کئی برساتیں آئیں اور گئیں
میں رفتہ رفتہ پہنچنے لگا بہ سن شعور
تو جگنوؤں کی حقیقت سمجھ میں آنے لگی
اب ان کھلائیوں اور دائیوں کی باتوں پر
مرا یقیں نہ رہا مجھ پہ ہو گیا ظاہر
کہ بھٹکی روحوں کو جگنو نہیں دکھاتے چراغ
وہ من گھڑت سی کہانی تھی اک فسانہ تھا
وہ بے پڑھی لکھی کچھ عورتوں کی تھی بکواس
بھٹکتی روحوں کو جگنو نہیں دکھاتے چراغ
یہ کھل گیا مرے بہلانے کو تھیں یہ باتیں
مرا یقیں نہ رہا ان فضول قصوں پر
ہمارے شہر میں آتی ہیں اب بھی برساتیں
ہمارے شہر پر اب بھی گھٹائیں چھاتی ہیں
ہنوز بھیگی ہوئی سرمئی فضاؤں میں
خطوط نور بناتی ہیں جگنوؤں کی صفیں
فضائے تیرہ میں اڑتی ہوئی یہ قندیلیں
مگر میں جان چکا ہوں اسے بڑا ہو کر
کسی کی روح کو جگنو نہیں دکھاتے راہ
کہا گیا تھا جو بچپن میں مجھ سے جھوٹ تھا سب
مگر کبھی کبھی حسرت سے دل میں کہتا ہوں
یہ جانتے ہوئے جگنو نہیں دکھاتے چراغ
کسی کی بھٹکتی ہوئی روح کو مگر پھر بھی
وہ جھوٹ ہی سہی کتنا حسین جھوٹ تھا وہ
جو مجھ سے چھین لیا عمر کے تقاضے نے
میں کیا بتاؤں وہ کتنی حسین دنیا تھی
جو بڑھتی عمر کے ہاتھوں نے چھین لی مجھ سے
سمجھ سکے کوئی اے کاش عہد طفلی کو
جہان دیکھنا مٹی کے ایک ریزے کو
نمود لالۂ خود رو میں دیکھنا جنت
کرے نظارۂ کونین اک گھروندے میں
اٹھا کے رکھ لے خدائی کو جو ہتھیلی پر
کرے دوام کو جو قید ایک لمحے میں
سنا؟ وہ قادر مطلق ہے ایک ننھی سی جان
خدا بھی سجدے میں جھک جائے سامنے اس کے
یہ عقل و فہم بڑی چیز ہیں مجھے تسلیم
مگر لگا نہیں سکتے ہم اس کا اندازہ
کہ آدمی کو یہ پڑتی ہیں کس قدر مہنگی
اک ایک کر کے وہ طفلی کے ہر خیال کی موت
بلوغ سن میں وہ صدمے نئے خیالوں کے
نئے خیال کا دھچکا نئے خیال کی ٹیس
نئے تصوروں کا کرب، الاماں کہ حیات
تمام زخم نہاں ہے تمام نشتر ہے
یہ چوٹ کھا کے سنبھلنا محال ہوتا ہے
سکوت رات کا جس وقت چھیڑتا ہے ستار
کبھی کبھی تری پائل کی آتی ہے جھنکار
تو میری آنکھوں سے موتی برسنے لگتے ہیں
اندھیری رات کے پرچھاویں ڈسنے لگتے ہیں
میں جگنو بن کے تو تجھ تک پہنچ نہیں سکتا
جو تجھ سے ہو سکے اے ماں تو وہ طریقہ بتا
تو جس کو پا لے وہ کاغذ اچھال دوں کیسے
یہ نظم میں ترے قدموں میں ڈال دوں کیسے
نوائے درد سے کچھ جی تو ہو گیا ہلکا
مگر جب آتی ہے برسات کیا کروں اس کو
جب آسمان میں اڑتے ہیں ہر طرف جگنو
شراب نور لئے سبز آبگینوں میں
کنول جلاتے ہوئے ظلمتوں کے سینوں میں
جب ان کی تابش بے ساختہ سے پیپل کا
درخت سرو چراغاں کو مات کرتا ہے
نہ جانے کس لئے آنکھیں مری بھر آتی ہیں
ye mast mast ghata, ye bhari bhari barsat
tamam had-e-nazar tak ghulawaton ka saman
faza-e-sham mein dore se parte jate hain
jidhar nigah karen kuchh dhuan sa uthta hai
dahak utha hai tarawat ki anch se akash
ze farsh ta falak angraiyon ka alam hai
ye mad bhari hui purwaiyan sunkiti hui
jhinjhorti hai hari daliyon ko sard hua
ye shakhsar ke jhulon mein ping parte hue
ye lakhon pattiyon ka nachna ye raqs-e-nabat
ye be khudi-e-masarrat ye walhana raqs
ye tal sam ye chhama chham ke kan bajte hain
hawa ke dosh pe kuchh audi audi shaklon ki
nashe mein chur si parchhaiyan thirakti hui
ufuq pe dubte din ki jhapakti hain ankhen
khamosh soz-e-darun se sulag rahi hai ye sham!
mire makan ke age hai ek chaura sehn-e-wasi
kabhi wo hansta nazar ata hai kabhi wo udas
usi ke bich mein hai ek per pipal ka
suna hai main ne buzurgon se ye ke umr us ki
jo kuchh na hogi to hogi qarib chhiyanwe sal
chhiri thi hind mein jab pahli jang azadi
jise dabane ke baad us ko ghadr kahne lage
ye ahl-e-hind bhi hote hain kis qadar maasum
wo dar-o-gir wo azadi-e-watan ki jang
watan se thi ke ghanim-e-watan se ghaddari
biphar gae the hamare watan ke pir-o-jawan
dayar-e-hind mein ran par gaya tha char taraf
isi zamane mein kahte hain mere dada ne
jab arz-e-hind sunchi khun se ''suputon'' ke
miyan-e-sehn lagaya tha la ke ik pauda
jo ab-o-atish-o-khak-o-hawa se palta hua
khud apne qad se ba josh-e-numu nikalta hua
fusun-e-ruh banati ragon mein chalta hua
nigah-e-shauq ke sanchon mein roz dhalta hua
suna hai rawiyon se didani thi us ki uthan
har ik ke dekhte hi dekhte charha parwan
wahi hai aj ye chhatnar per pipal ka
wo tahniyon ke kamandal liye jutadhari
zamana dekhe hue hai ye per bachpan se
rahi hai us ke liye dakhili kashish mujh mein
raha hun dekhta chup chap der tak us ko
main kho gaya hun kai bar is nazare mein
wo us ki gahri juren thin ke zindagi ki juren?
pas sukun-e-shajar koi dil dharakta tha
main dekhta tha use hasti-e-bashar ki tarah
kabhi udas kabhi shadman kabhi gumbhir
faza ka surmai rang aur ho chala gahra
ghula ghula sa falak hai dhuan dhuan si hai sham
hai jhatpita ke koi azhdaha hai mail khwab
sukut-e-sham mein darmandagi ka alam hai
ruki ruki si kisi soch mein hai mauj-e-saba
ruki ruki si safen malgaji ghataon ki
utar par hai sar sehn-e-raqs pipal ka
wo kuchh nahin hai ab ik jumbish-e-khafi ke siwa
khud apni kaifiyat nilgun mein har lahza
ye sham dubti jati hai chhupti jati hai
hijab waqt sire se hai be his-o-harkat
ruki ruki dil fitrat ki dharkanen yak lakht
ye rang-e-sham ke gardish hi asman mein nahin
bas ek waqfa-e-tarik, lamha-e-shahla
sama mein jumbish-e-mubham si kuchh hui fauran
tali ghata ke tale bhige bhige patton se
hari hari kai chingariyan si phut paren
ke jaise khulti jhapakti hun be shumar ankhen
ajab ye ankh michauli thi nur-o-zulmat ki
suhani narm lawen dete an ginat jugnu
ghani siyah khunuk pattiyon ke jhurmut se
misal-e-chadar-e-shab tab jagmagane lage
ke thartharate hue ansuon se saghar sham
chhalak chhalak pare jaise baghair san guman
butun-e-sham mein un zinda qumqumon ki damak
kisi ki soi hui yad ko jagati thi
wo be panah ghata wo bhari bhari barsat
wo sain dekh ke ankhen miri bhar ati thin
miri hayat ne dekhi hain bis barsaten
mire janam hi ke din mar gai thi man meri
wo man ke shakl bhi jis man ki main na dekh saka
jo ankh bhar ke mujhe dekh bhi saki na wo man
main wo pisar hun jo samjha nahin ke man kya hai
mujhe khilaiyon aur daiyon ne pala tha
wo mujh se kahti thin jab ghar ke ati thi barsat
jab asman mein har su ghataen chhati thin
boqat sham jab urte the har taraf jugnu
diye dikhate hain ye bhuli bhatki ruhon ko
maza bhi ata tha mujh ko kuchh un ki baton mein
main un ki baton mein rah rah ke kho bhi jata tha
par us ke sath hi dil mein kasak si hoti thi
kabhi kabhi ye kasak huk ban ke uthti thi
yatim dil ko mire ye khayal hota tha!
ye sham mujh ko bana deti kash ik jugnu
tu man ki bhatki hui ruh ko dikhata rah
kahan kahan wo bichari bhatak rahi hogi
kahan kahan miri khatir bhatak rahi hogi
ye soch kar miri halat ajib ho jati
palak ki ot mein jugnu chamakne lagte the
kabhi kabhi to miri hichkiyan si bandh jatin
ke man ke pas kisi tarah main pahunch jaun
aur us ko rah dikhata hawa mein ghar laun
dikhaun apne khilaune dikhaun apni kitab
kahun ke parh ke suna to miri kitab mujhe
phir is ke baad dikhaun use main wo kapi
ke terhi merhi lakiren bani thin kuchh jis mein
ye harf the jinhen main ne likha tha pahle pahal
aur us ko rah dikhata hawa mein ghar laun
dikhaun phir use angan mein wo gulab ki bel
suna hai jis ko usi ne kabhi lagaya tha
ye jab ke bat hai jab meri umr hi kiya thi
nazar se guzri thin kal char panch barsaten
guzar rahe the mah-o-sal aur mausam par
hamare shahr mein ati thi ghar ke jab barsat
jab asman mein urte the har taraf jugnu
hawa ki mauj-e-rawan par diye jalae hue
faza mein rat gae jab darakht pipal ka!
hazaron jugnuon se koh-e-tur banta tha
hazaron wadi-e-eman thin jis ki shakhon mein
ye dekh kar mire dil mein ye huk uthti thi
ke main bhi hota unhen jugnuon mein ik jugnu
tu man ki bhatki hui ruh ko dikhata rah
wo man mein jis ki mohabbat ke phul chun na saka
wo man mein jis se mohabbat ke bol sun na saka
wo man ke bhinch ke jis ko kabhi main so na saka
main jis ke anchalon mein munh chhupa ke ro na saka
wo man ke ghutnon se jis ke kabhi lipat na saka
wo man ke sine se jis ke kabhi chimat na saka
hamak ke god mein jis ki kabhi main charh na saka
main zer-e-saya-e-ummid jis ke barh na saka
wo man mein jis se shararat ki dad pa na saka
main jis ke hathon mohabbat ki mar kha na saka
sanwara jis ne na mere jhandule balon ko
basa saki na jo honton se sone galon ko
jo meri ankhon mein ankhen kabhi na dal saki
na apne hathon se mujh ko kabhi uchhal saki
wo man jo koi kahani mujhe suna na saki
mujhe sulane ko jo loriyan bhi ga na saki
wo man jo dudh bhi apna mujhe pila na saki
wo man jo hath se apne mujhe khula na saki
wo man gale se mujhe jo kabhi laga na saki
wo man jo dekhte hi mujh ko muskura na saki
kabhi jo mujh se mithai chhupa ke rakh na saki
kabhi jo mujh se dahi bhi bacha ke rakh na saki
main jis ke hath mein kuchh dekh kar dahak na saka
patak patak ke kabhi paon mein thunak na saka
kabhi na khincha shararat se jis ka anchal bhi
racha saki miri ankhon mein jo na kajal bhi
wo man jo mere liye titliyan pakar na saki
jo bhagte hue bazu mire jakar na saki
barhaya pyar kabhi kar ke pyar mein na kami
jo munh bana ke kisi din na mujh se ruth saki
jo ye bhi kah na saki ja na bolungi tujh se
jo ek bar khafa bhi na ho saki mujh se
wo jis ko jotha laga munh kabhi dikha na saka
kasafaton pe miri jis ko pyar a na saka
jo mitti khane pe mujh ko kabhi na pet saki
na hath tham ke mujh ko kabhi ghasit saki
wo man jo guftugu ki rau mein sun ke meri bar
kabhi jo pyar se mujh ko na kah saki ghamar
shararaton se miri jo kabhi ulajh na saki
himaqaton ka miri falsafa samajh na saki
wo man kabhi jise chaunkane ko main luk na saka
main rah chhinkne ko jis ke age ruk na saka
jo apne hath se bahrup mere bhar na saki
jo apni ankhon ko aina mera kar na saki
gale mein dali na bahon ki phul mala bhi
na dil mein lauh-e-jabin se kiya ujala bhi
wo man kabhi jo mujhe baddhiyan pahna na saki
kabhi mujhe nae kapron se jo saja na saki
wo man na jis se larakpan ke jhut bol saka
na jis ke dil ke daran kanjiyon se khol saka
wo man mein paise bhi jis ke kabhi chura na saka
saza se bachne ko jhuti qasam bhi kha na saka
wo man ke ayat-e-rahmat hai jis ki chain-e-jabin
wo man ke han se bhi hoti hai barh ke jis ki nahin
dam-e-itab jo banti farishta rahmat ka
jo rag chherti jhanjhla ke bhi mohabbat ka
wo man ke ghurkiyan bhi jis ke git ban jaen
wo man ke jhirkiyan bhi jis ki phul barsaen
wo man ham us se jo dam bhar ko dushmani kar len
to ye na kah sake ab ao dosti kar len
kabhi jo sun na saki meri totli baten
jo de saki na kabhi thapparon ki saughaten
wo man bahut se khilaune jo mujh ko de na saki
khiraj sar khushi-e-sarmadi jo le na saki
wo man mein jis se larai kabhi na than saka
wo man mein jis pe kabhi mutthiyan na tan saka
wo meri man mein kabhi jis ki pith par na charha
wo meri man kabhi kuchh jis ke kan mein na rakha
wo man kabhi jo mujhe kardhani panha na saki
jo tal hath se de kar mujhe nacha na saki
jo mere hath se ik din dawa bhi pi na saki
ke mujh ko zindagi dene mein jan hi de di
wo man na dekh saka zindagi mein jis ki chah
usi ki bhatakti hui ruh ko dikhata rah
ye soch soch ke ankhen miri bhar ati thin
tu ja ke sone bichhaune pe let rahta tha
kisi se ghar mein na raz apne dil ke kahta tha
yatim thi miri duniya, yatim meri hayat
yatim sham-o-sahar thi, yatim the shab-o-roz
yatim meri parhai thi mere khel yatim
yatim meri masarrat thi mera gham bhi yatim
yatim ansuon se takiya bhig jata tha
kisi se ghar mein na kahta tha apne dil ka bhed
har ik se dur akela udas rahta tha
kisi shamail nadida ko main takta tha
main ek wahshat-e-be nam se harkutta tha
guzar rahe the mah-o-sal aur mausam par
isi tarah kai barsaten aen aur gain
main rafta rafta pahunchne laga ba sun-e-shuur
tu jugnuon ki haqiqat samajh mein ane lagi
ab in khilaiyon aur daiyon ki baton par
mira yaqin na raha mujh pe ho gaya zahir
ke bhatki ruhon ko jugnu nahin dikhate charagh
wo man gharat si kahani thi ik fasana tha
wo be parhi likhi kuchh auraton ki thi bakwas
bhatakti ruhon ko jugnu nahin dikhate charagh
ye khul gaya mire bahlane ko thin ye baten
mira yaqin na raha un fuzul qisson par
hamare shahr mein ati hain ab bhi barsaten
hamare shahr par ab bhi ghataen chhati hain
hanoz bhigi hui surmai fazaon mein
khutut nur banati hain jugnuon ki safen
faza-e-tira mein urti hui ye qindilen
magar main jan chuka hun use bara ho kar
kisi ki ruh ko jugnu nahin dikhate rah
kaha gaya tha jo bachpan mein mujh se jhut tha sab
magar kabhi kabhi hasrat se dil mein kahta hun
ye jante hue jugnu nahin dikhate charagh
kisi ki bhatakti hui ruh ko magar phir bhi
wo jhut hi sahi kitna hasin jhut tha wo
jo mujh se chhin liya umr ke taqaze ne
main kya bataun wo kitni hasin duniya thi
jo barhti umr ke hathon ne chhin li mujh se
samajh sake koi ai kash ahd-e-tifli ko
jahan dekhna mitti ke ek reze ko
numud lala-e-khud rau mein dekhna jannat
kare nazara-e-kaunain ik gharaunde mein
utha ke rakh le khudai ko jo hatheli par
kare dawam ko jo qaid ek lamhe mein
suna? wo qadir-e-mutlaq hai ek nanhi si jan
khuda bhi sajde mein jhuk jae samne us ke
ye aql-o-fahm bari chiz hain mujhe taslim
magar laga nahin sakte ham us ka andaza
ke admi ko ye parti hain kis qadar mahngi
ik ek kar ke wo tifli ke har khayal ki maut
bulugh sun mein wo sadme nae khayalon ke
nae khayal ka dhachka nae khayal ki tis
nae tasawwuron ka karb, alaman ke hayat
tamam zakhm-e-nihan hai tamam nashtar hai
ye chot kha ke sambhalna muhal hota hai
sukut rat ka jis waqt chherta hai sitar
kabhi kabhi tiri pail ki ati hai jhankar
tu meri ankhon se moti barasne lagte hain
andheri rat ke purchhawen dasne lagte hain
main jugnu ban ke to tujh tak pahunch nahin sakta
jo tujh se ho sake ai man to wo tariqa bata
tu jis ko pa le wo kaghaz uchhal dun kaise
ye nazm mein tire qadmon mein dal dun kaise
nawa-e-dard se kuchh ji to ho gaya halka
magar jab ati hai barsat kya karun us ko
jab asman mein urte hain har taraf jugnu
sharab nur liye sabz abginon mein
kanwal jalate hue zulmaton ke sinon mein
jab un ki tabish be sakhta se pipal ka
darakht sarw-e-charaghan ko mat karta hai
na jane kis liye ankhen miri bhar ati hain