مجھ سے ملو تم
Faisal Rehanمجھ سے ملو تم
باتوں کی چائے پر
کہانی کے پیچ میں
بچپن کی شور کرتی ریل میں
ماضی کے نکڑ پر
افلاطونی عشق کی موج میں
فرصت کے بے برکت دن
یار کی جدائی والے پہر میں
جوانی کی دھوپ میں
غالب کے دیوان کی
پر بہار سیڑھیوں پر
لفظوں کے بازار میں
نظموں کے اسرار میں
مجھ سے ملو تم
مجھ سے ملو تم
اجنبی ملکوں کی سیر و سیاحت میں
پیار کے رسم و رواج میں
حلقۂ یاراں میں
طوفان باد و باراں میں
سینٹورس کے عقب میں
چھپر ہوٹل کے ٹوٹے ہوئے ٹیبل پر
چاند پہ بیٹھی ہوئی بڑھیا کے نورانی چرخے میں
اسی کی دہائی کی فلموں کے ذکر میں
پرانی کتابوں کی دوکان پر
نسوانی خوشبوؤں کے چوک پر
بوسوں کی تکرار میں
مجھ سے ملو تم