تم
Ehtisham Ali (b. 1983)تم
ہم دونوں کی مشترکہ محبت تھے
لیکن بچھڑنے کے لیے
تم نے ایسے موسم کا انتخاب کیا
جب تنہائی
جسموں میں
غار بنائے بیٹھی تھی
آسمان پرندوں سے خالی تھا
اور آنسو تک خشک ہو چکے تھے
اس بد نما صبح کا
ذائقہ ابھی تک
میرے تالو سے چمٹا ہے
جب تمہاری موت کی خبر نے
دل کو ایسی اداسی سے بھر دیا تھا
جسے جھیلنے کے لیے
ایک وجود تھوڑا پڑ جاتا ہے
تب میں نے پہلی بار
اسے گلے لگانے کا سوچا تھا
جو اب کہیں بھی نہیں ہے
شاید
مشترکہ محبتیں بھی
کچھ لوگوں کو روکنے کے لیے
کافی نہیں ہوتیں