مثل بلبل زمزموں کا خود یہاں اک رنگ ہے

Akbar Allahabadi (1846–1921)

مثل بلبل زمزموں کا خود یہاں اک رنگ ہے

ارغنوں اس انجمن میں خارج از آہنگ ہے

ہر خیال اپنا ہے یاں اک مطرب شیریں نوا

ہر نفس سینہ میں اک موج صدائے چنگ ہے

ہر تصور ہے مرا عکس جمال روئے دوست

میرا ہر مجموعۂ وہم اک گل خوش رنگ ہے

لوح دل ہر جنبش مژگاں سے ہے معنی پذیر

ہر رگ اندیشہ نقش خامۂ ارژنگ ہے

عکس تیرا پڑ کے اس میں ہو گیا پاکیزہ تر

اے بت کافر مری آنکھوں میں فیض گنگ ہے

نظم اکبرؔ سے بلاغت سیکھ لیں ارباب عشق

اصطلاحات جنوں میں بے بہا فرہنگ ہے