جینے میں یہ غفلت فطرت نے کیوں طبع بشر میں داخل کی
Akbar Allahabadi (1846–1921)جینے میں یہ غفلت فطرت نے کیوں طبع بشر میں داخل کی
مرنے کی مصیبت جانوں پر کیوں قدرت حق نے نازل کی
کیوں طول امل میں الجھایا انسان نے اپنے دامن کو
کیوں زلف ہوس کے پھندے میں پھنستی ہے طبیعت غافل کی
کیوں ہجر کے صدمے ہوتے ہیں کیوں مردوں پہ زندے روتے ہیں
کیوں جنگ میں جانیں جاتی ہیں کیوں بڑھتی ہے ہمت قاتل کی
منطق کا تو دعویٰ ایک طرف طاقت کی یہ شوخی ایک طرف
کیا فرق ہے خیر و شر میں یہاں کیا جانچ ہے حق و باطل کی